World. Visits

Flag Counter

Friday 1 May 2020

سال 2015 موبائل فون میں نت نئی ایپس کے اضافے اور اسے جدید ترین بنانے کے لحاظ سے انتہائی اہم رہا ہے اور اب موبائل صرف فون ہی نہیں رہا بلکہ اس میں موجود جدید اپیس کی بدولت اس سے کمپیوٹر سمیت کئی ٹیکنالوجیز کے کام لیے جا سکتے ہیں اسی لیے جیسے جیسے اسمارٹ فونز کی اسکرین کا سائز بڑھتا گیا اس پر روزمرہ کا کام بھی آسان ہوتا گيا ہے۔
اس سال موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈروئڈ کا غلبہ کچھ اس طرح کا رہا کہ 2015 میں دنیا کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی کو اپنے کامیاب ترین سافٹ ویئر پروڈکٹ کو اینڈروئڈ اسمارٹ فون کے لیے نہ صرف تیار کرنا پڑا بلکہ اپنی ایپس بھی مفت میں بانٹنا پڑیں اور ان اپلیکیشنز نے آپ کے لیے بہت سے کام آسان بنا دیئے۔ بہت سے ماہرین یہ سمجھتے ہیں کہ آنے والے دو تین برس میں انٹرنیٹ پر لوگ ویڈیو زیادہ دیکھیں گے اور پڑھنے میں کم وقت لگائیں گے، انہیں ویڈیو سے منسلک ایپس کے طرح طرح کے استعمال کے بارے میں بہت کچھ سننے کو مل رہا ہے، بہرحال مستقبل میں موبائل صارف کو کہاں لے جائیں گے وہ ایک الگ بحث ہے لیکن فی الحال ان 7 ایسی پسندیدہ ترین ایپس کا تذکرہ کرتے ہیں جو 2015 میں چھائی رہیں۔
پہلی ایپ: مائیکروسافٹ نے اینڈروئڈ پر اپنے ورڈ، پاور پوائنٹ اورایکسل کو اس سال لانچ کیا کیوں کہ اس سافٹ ویئر نے 80 کے عشرے کے بعد کمپیوٹر کی دنیا بدل کر رکھ دی تھی چونکہ اینڈروئڈ اسمارٹ فون اب دنیا کا سب سے بڑا موبائل آپریٹنگ سسٹم ہے لہٰذا مائیکروسافٹ نے اپنے سب سے زیادہ کامیاب سافٹ ویئر پروڈکٹ کو اینڈروئڈ کے لیے خاص طور پر وضع کیا۔ بس گوگل پلے اسٹور پر جائیے اور اپنے اسمارٹ فون پراسے مفت ڈاؤن لوڈ کر لیجیے۔
دوسری ایپ: اس برس لانچ ہونے والے ’’پیری سکوپ‘‘ نے لائیو نشریات کا مطلب ہی بدل دیا۔ اس ایپ کی مدد سے اب ہر شخص، جس کے پاس سمارٹ فون ہے وہ کسی بھی واقعے کو براڈ کاسٹ کر سکتا ہے۔ اسمارٹ فون کے کیمرے کی کوالٹی بھی اب پہلے سے بہتر ہو رہی ہے جس سے یہ کام اور آسان بنتا جا رہا ہے۔ اگر آپ کچھ لوگوں کو فالو کرتے ہیں تو وہ جو بھی نشر کریں گے اس کو آپ دیکھ سکتے ہیں۔ اس میں نہ تو آپ کو کسی کو فالو کرنے کے پیسے دینے ہوں گے اور نہ ہی کوئی آپ کو فالو کرے گا تو اس کے پیسے خرچ ہوں گے۔
تیسری ایپ:  رواں برس لانچ ہونے والی ایپ ’’سلنگ ٹی وی‘‘ کی مدد سے آپ اپنے اینڈروئڈ اسمارٹ فون کی ااسکرین کو ٹی وی اسکرین میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ اپنے وائی فائی کے 3 جی یا 4 جی نیٹ ورک کا استعمال کرکے اس ایپ کے ذریعے آپ آسانی سے ٹی وی چینل دیکھ سکتے ہیں۔ سلنگ ٹی وی ہر جگہ پر دیکھا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے آپ کو ’’سلنگ باکس‘‘ خریدنا ہوگا جس کے بعد آپ اپنی کسی بھی ڈیوائس پر اپنے کیبل یا سیٹلائٹ چینل کو دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈروئد اتھارٹی کے مطابق اس ایپ کو بہتر بنانے میں تھوڑا وقت لگے گا لیکن امید ہے کہ 2016 میں یہ اور بہتر ہو جائےگی۔
چوتھی ایپ:  كوڈی بھی ایک انوکھی ایپ ہے جو ویڈیو دیکھنے، براڈکاسٹ اور میوزک سننے میں مدد کرتی ہے۔ آپ کے گھر کے نیٹ ورک پراسٹور کیا ہوا میوزک بھی آپ اس کی مدد سے سن سکتے ہیں۔ اگر آپ کو یوٹیوب یا ایمیزون کے ویڈیوز دیکھنا ہو تو آپ كوڈی کی مدد لے سکتے ہیں۔ ونڈوز کے میڈیا سینٹر پر آپ کچھ خاص ہی فائلز پلے کر سکتے ہیں لیکن كوڈی پر آپ کو ہر طرح کی فائل چلانے کی چھوٹ ہے۔ 2015 میں لانچ ہونے والی اس اپلیکیشن کی وجہ سے آپ کی میڈیا دیکھنے اور سننے کی عادت بدل سکتی ہے۔
پانچویں ایپ:  فوٹو شیئرنگ کی دنیا میں گوگل فوٹوز نے اپنی ایک خاص ایپ لانچ کرکے فوٹو شیئر کرنے والی دوسری ایپس کے بنانے والوں میں کھلبلی سی مچا دی ہے۔ آن لائن فوٹو شیئرنگ، اسٹوریج اور بیک اپ کے لیے اس نے اپنے گاہکوں کو لا محدود سٹوریج کا آپشن دیا ہے۔
چھٹی ایپ: اگر آپ اینڈروئڈ اسمارٹ فون پر ’’خان اکیڈمی‘‘ نامی ایپ ڈاؤن لوڈ کر لیں تو طرح طرح کی چیزیں سیکھنے کے مقصد سے تقریباً 10 ہزار گھنٹے کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور یہ سب مفت میں دستیاب ہے۔ سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی اور طلبہ سے لے کر بڑوں کے لیے بھی یہ بہت اچھی ایپ ثابت ہو سکتی ہے۔
ساتویں ایپ:  ’’یو ٹیوب کڈز‘‘ لانچ کر کے بچوں کے لیے ویڈیوز کی ایک خاص دنیا تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہاں بچے اپنی پسند کے ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور ان پر خاندان کے دوسرے لوگ نظربھی رکھ سکتے ہیں۔ یہ ایپ فی الوقت کچھ خاص ممالک میں ہی دستیاب ہے لیکن 2016 میں اس کے اور ممالک میں پہنچنے کی توقع کی جا سکتی ہے

No comments:

Post a Comment